مقبوضہ بیت المقدس : اسرائیلی عدالت نے رشوت اور فراڈ کے الزامات پرسابق وزیراعظم اور موجودہ اپوزیشن لیڈر بن یامین نیتن یاہوکو اپنے دور اقتدار میں کزن سے تحفے میں لی گئی رقم واپس کرنے کا حکم دیدیا۔
غیر ملکی میڈیاکے مطابق سپریم کورٹ نے حکم جاری کیا ہےکہ نیتن یاہو اپنے مرحوم امریکی کزن کی کمپنی کو 3 لاکھ ڈالر واپس کریں، نیتن یاہو کو ان کےکزن کی جانب سے یہ رقم اس وقت دی گئی تھی جب وہ وزیراعظم کی حیثیت سےکرپشن کے مقدمےکا سامنا کررہے تھے اور اس کے لیے انہیں اور ان کی اہلیہ کو وکلاء کو فیس کی ادائیگی کے لیے رقم درکار تھی۔
اسرائیلی عدالت نے اپنے فیصلے میں نیتن یاہو کو رقم واپس کرنےکا حکم دیتے ہوئے قرار دیا ہےکہ عوام کے خادم (وزیراعظم ) کی حیثیت سے تحفتاً رقم لینا غیر قانونی ہے،عدالت کا کہنا ہےکہ گوکہ دونوں افراد آپس میں کزن تھے تاہم ذاتی اور تجارتی مفادات اس تحفےکی بنیادی وجہ ہوسکتی ہے کیونکہ عام طور پر رشتہ داروں میں تحفتاً دی گئی رقم سے یہ کہیں زیادہ ہے۔