سنٹورس کے مالکان اسلام آباد انتظامیہ کیخلاف عدالت جائیں گے

اسلام آباد(اُمت نیوز)گزشتہ روز آگ کی لپیٹ میں آنے والے اسلام آباد کے نجی مال کی انتظامیہ نے ضلعی انتظامیہ کی مبینہ سست روی کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی مشینری کی کارکردگی ناقص تھی جس کی وجہ سے آگ بجھانے میں تاخیر کی گئی۔
نجی مال انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ناقص کارکردگی کی جانب توجہ دلانے پر ضلعی انتظامیہ نے ہتک آمیز رویہ اختیار کیا اور مال کے مالک کے بیٹے اور بھائی کے ساتھ ضلعی حکام نے بدتمیزی کی۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ میں واقع نجی مال میں آگ لگ گئی جس پر دو گھنٹوں کی کوششوں کے بعد قابو پالیا گیا۔
آتشزدگی کے واقعے کا مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج کرلیا گیا ہے۔مقدمہ 436 دفعہ کے تحت ایس ایچ او متین چوہدری کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے