روم(امت نیوز) اٹلی کے شمال مغربی قصبے آستی میں پاکستانی تارکین وطن، پناہ گزینوں کا درجہ حاصل کرنےکے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔
اس قصبے میں بڑی تعداد میں تارکین وطن کی آمد سے ان کے لیے مختص سہولیات کم پڑ گئی ہیں۔
پاکستانی شہریوں کے ایک گروپ نے گزشتہ چالیس روز سے اٹلی کے علاقے پیڈمونٹ میں واقع قصبے آستی کے پولیس ہیڈ کوارٹر کے باہر کمبل اور سلیپنگ بیگز کے ساتھ دھرنا دے رکھا ہے۔
ان کا مطالبہ ہے کہ انہیں سیاسی پناہ دی جائے۔ ایک مقامی نیوز ویب سائٹ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق یہ گروپ تقریباً 30 افراد پر مشتمل ہے، جو باری باری احتجاج کرتے ہیں۔
متعدد مقامی تنظیموں نے حال ہی میں تارکین وطن کی مدد کے لیے اقدامات شروع کیے ہیں۔ ایک امدادی تنظیم کیتھولک چیریٹی کاری تاس کی مقامی شاخ کا کہنا ہے کہ ان کے رضاکاروں نے ”گرم چائے، کافی، کوکیز، سینڈوچ فراہم کیے اور ساتھ ہی انہیں سمیریٹن ڈے سینٹر کا پتہ فراہم کرنا شروع کیا، جہاں وہ نہانے کے علاوہ کپڑے اور جوتے حاصل کر سکتے ہیں۔‘‘