نجی شپنگ کمپنی کے دفتر میں زنجیروں سے جکڑا شخص بازیاب

کراچی:نجی شپنگ کمپنی کے دفتر میں قید زنجیروں سے جکڑ کر رکھا گیا شخص پولیس نے بازیاب کروا لیا گیا،  بازیاب کیے جانے والے شخص کو طبی معائنے کے لیے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں سے رپورٹ آنے پر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ٹیپو سلطان پولیس نے والد کی درخواست پر حبس بیجا میں رکھے گئے بیٹے کو بازیاب کر کے وہاں موجود سکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق عاشق نامی شخص نے تھانے میں درخواست دی تھی کہ اس کے بیٹے کو شارع فیصل پر قائم ایک عمارت کے دفتر میں قید کرکے رکھا ہوا ہے، جہاں اسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

پولیس والد کی نشاندہی پردفترمیں گئی، جہاں عبدالغفار زنجیروں سے جکڑا ہوا پایا گیا جبکہ اس کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی تھے۔ پولیس نے موقع پرموجود سیکیورٹی گارڈ ہاشم کو بھی حراست میں لے لیا۔ عبدالغفار شپنگ کمپنی کا ملازم ہے، جس پر مبینہ طور 5 لاکھ روپے چوری کا الزام ہے اور اُسے رواں ماہ 3 اکتوبر سے حبس بیجا میں رکھا ہوا تھا۔ اس دوران اس پر تشدد کی ویڈیو بھی بنائی گئی تھی۔