امریکا پر روسی ہیکروں کے حملے۔ 14 ہوائی اڈوں کی ویب سائٹس ہیک کرلیں

واشنگٹن(امت نیوز) امریکا کے ہرٹز فیلڈ جیکسن انٹرنیشنل ائیرپورٹ سمیت ملک کے مختلف علاقوں کے 14 سِول ائیرپورٹس کی انٹرنیٹ سائٹس کو روسی زبان بولنے والے ہیکروں نے ہیک کرلیا۔
سی این این کے مطابق انٹرنیٹ سائٹس تک رسائی بند ہونے کے ملکی سیاحتی سرگرمیوں پر کوئی منفی اثرات مرتب نہیں ہوئے۔
روسی زبان بولنے والے ہیکروں نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
امریکا کی سائبر اور انفرااسٹرکچر سکیورٹی ایجنسی کی سربراہ کرسٹین ٹوڈٹ نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ "ہم ان حملوں پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں اور انٹرنیٹ سائٹس تک رسائی بند ہونے پر ہمیں کسی تشویش کا سامنا نہیں”۔
بیان کے مطابق امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ سکیورٹی بھی مسئلے پر بغور نگاہ رکھے ہوئے ہے اور اپنے ائیرپورٹ شراکت داروں کے ساتھ مل کر کارروائیاں کر رہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ "کِل نیٹ” نامی ہیکر گروپ روس کے یوکرین پر حملے کے بعد زیادہ سرگرم ہو گیا ہے۔ یہ گروپ سیاسی حوالے سے کریملن کی حمایت کرتا ہے تاہم اس بارے میں کوئی مصّدقہ معلومات نہیں ہیں کہ آیا گروپ ماسکو کے ساتھ رابطے میں ہے یا نہیں۔
واضح رہے کہ ‘کِل نیٹ’ نے ماہِ جولائی میں بھی امریکی کانگریس کی انٹرنیٹ سائٹ کو مختصر مدت کے لئے ہیک کرلیا تھا۔