نوبل انعام برائے معاشیات 2022ء تین امریکی ماہرین اقتصادیات نے جیت لیا

اسٹاک ہوم(امت نیوز) 2022ء کا نوبل انعام برائے معاشیات امریکا کے 3 ماہرین کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
رائل سوئیڈش اکیڈمی آف سائنسز کے مطابق بین ایس برنانکے، ڈگلس ڈبلیو ڈائمنڈ اور فلپ ایچ ڈیبوگ کو معاشیات کے نوبل انعام سے نوازا گیا ہے۔
تینوں ماہرین کو یہ انعام بینکوں کے کردار اور مالی بحرانوں پر کی جانے والی تحقیق پر دیا گیا ہے۔
یہ معاشیات کے شعبے میں دیا جانے والا 54 واں نوبل انعام ہے اور تینوں ماہرین کے درمیان ایک کروڑ سوئیڈش کرونا کی انعامی رقم مساوی تقسیم کی جائے گی۔
عالمی کساد بازاری کے خطرے میں اضافے کے حالیہ انتباہی بیانات کے بعد ان تینوں ماہرین کو نوبل انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
تینوں ماہرین اقتصادیات نے 80 کی دہائی میں بینکوں اور مالی بحرانوں پر تحقیق کا آغاز کیا تھا اور ایسے ماڈل تیار کیے جن سے یہ وضاحت ہوتی ہے کہ بینکوں کا قیام کیوں عمل میں آیا، معاشرے میں ان کا کردار کیا ہے اور انہیں بحران سے بچانے کے لیے کیا اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔