اسرائیل اورمسلم ممالک کےدرمیان پل کاکرداراداکرناچاہتےہیں۔امریکی ترجمان

واشنگٹن(امت نیوز) ترجمان امریکی وزارت خارجہ نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ اسرائیل اور دیگر عرب و مسلم ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کرے۔
نیڈ پرائس کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ افغان عوام کے مستقبل اور افغانستان میں استحکام پر پاکستان کے ساتھ گفتگو ہوتی رہتی ہے، خطے میں سکیورٹی کی صورتحال اور چیلنجز پر پاکستان سے مستقل بات ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی سیکرٹری آف اسٹیٹ وینڈی شرمین کی پاکستان کے آرمی چیف سے ملاقات ہوئی تھی، پاکستان کے اعلی عہدیداران سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔
نیڈ پرائس کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون کی قدرکرتا ہے، پاکستان اور امریکا کے متعدد معاملات میں مفادات یکساں ہیں، پاکستان میں جمہوری طریقے سے منتخب سویلین حکومت ہے، مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے دی گئی رقم کی مانیٹرنگ کا طریقہ کار موجود ہے، امریکا اور یو ایس ایڈ کے نمائندے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہیں اور رپورٹ پیش کرتے ہیں۔