اسلام آباد: چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں حفاظتی ضمانت کے لیے درخواست دائر کر دی۔
تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں گرفتاری کا خوف ہو گیا ۔ عمران خان نےممنوعہ فنڈنگ کیس میں حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایف آئی اے نے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے ۔ عدالت حفاظتی ضمانت منظور کرے تاکہ متعلقہ عدالت میں پیش ہو سکیں۔
عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر رجسٹرار نے تین اعتراضات عائد کر دئیے۔ رجسٹرار کے مطابق عمران خان نے بائیو میٹرک نہیں کرائی ۔ایف آئی آر کی غیر مصدقہ نقل لگائی گئی ہے۔
رجسٹرارآفس نے یہ اعتراض بھی عائد کیا ہے کہ خصوصی عدالت میں جانے سے پہلے ہائی کورٹ کیسے آسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سابق وزیراعظم عمران خان سمیت 11 ملزمان پر ممنوعہ فنڈنگ کیس میں مقدمہ درج کیا تھا۔