بجلی مزید مہنگی

کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن

اسلام آباد:نیشنل گرڈ میں خرابی کے باعث کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔8 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی۔

نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں بجلی کا بریک ڈاؤن حبکو جامشورو ٹرانسمیشن لائن کی ٹرپنگ کی وجہ سے ہوا، جس کے باعث کے الیکٹرک کے تمام فیڈرز بند ہوگئے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ واپڈا سے کراچی کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے جس کے باعث پورے شہر کو بجلی کی سپلائی بندہوگئی ہے جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی بجلی کی عدم فراہمی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بجلی بندش کی وجوہات کی تحقیقات کے ساتھ ٹیمز بحالی کے لیے متحرک ہیں جبکہ صارفین مزید رہنمائی کے لیے کے الیکٹرک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کی بحالی کا عمل شروع کیا جاچکا ہے تاہم بحالی میں اندازاً 5 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

کراچی کے جو علاقے بجلی سے محروم ہیں ان میں کورنگی ،ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، گلشنِ اقبال، بہادرآباد، لسبیلہ، پٹیل پاڑہ، محمود آباد، اعظم بستی، ڈیفنس، پی ای سی ایچ ایس، لیاقت آباد، نشتر روڈ اور اطراف کے علاقے شامل ہیں۔

کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر شہروں حیدر آباد، جامشورو، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہٰیار، میر پور خاص، عمر کوٹ، سانگھڑ، نواب شاہ، مٹیاری، تھرپارکر، کشمور، جیکب آباد، شکار پور، لاڑکانہ، دادو میں بھی بجلی کا بریک ڈاؤن ہو ا ہے۔

واپڈا کے ایگزیکٹو انجینئر شاہ محمد باچکانی کے مطابق سندھ بھر میں بجلی کی سپلائی بند ہے، گڈو تھرمل پاور ہاؤس میں فنی خرابی کے باعث 6 یونٹ ٹرپ ہو گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ گڈو تھرمل پاور ہاؤس کے 6 یونٹ 832 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے تھے، خرابی کی وجہ سے بجلی کی پیداوار اب زیرو ہو گئی ہے۔

گڈو تھرمل پاور ہاؤس سے بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے بعد بلوچستان میں سبی اور پنجاب میں راجن پور، رحیم یار خان، گھوٹکی میں بجلی معطل ہو گئی ہے۔

کیسکو کے مطابق بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع کو 220 کے وی کے 3 ذرائع سےبجلی کی سپلائی معطل ہو گئی ہے۔

بجلی کی سپلائی خضدار، ڈی جی خان، لورا لائی اور گڈو اوچ سےآنےوالی ٹرانسمیشن لائنوں سے متاثر ہوئی ہے۔

بلوچستان کے تقریباً 28 اضلاع کو بجلی کی سپلائی معطل ہوئی ہے جبکہ گوادر، کیچ اور پنجگور کو ایران سے بجلی کی سپلائی جاری ہے۔

فیصل آباد میں گٹی گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی کے باعث بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے، گٹی گرڈ اسٹیشن ٹرپ ہونے سے 500 کے وی کی ترسیلی لائنوں میں خرابی ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس خرابی نے پنجاب سمیت پورا جنوبی علاقہ لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے باعث ملتان، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کراچی سمیت سندھ بھر کے مختلف شہر بجلی سے محروم ہوئے

وزرات توانائی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ  ملک کے جنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں حادثاتی خرابی ہوئی ہے جس سے متعدد جنوبی پاور پلانٹس مرحلہ وار ٹرپ ہو رہے ہیں،

وزارت توانائی نے کہا کہ اپنی پوری تندہی سے خرابی کی وجہ کی تفتیش کررہی ہے اور جلد از جلد بجلی کے نظام کو مکمل بحال کر لیاجائےگا۔