اسلام آباد:وزیرتوانائی خرم دستگیر نے کہاہے کہ بریک ڈاﺅن حادثہ تھا یا فنی خرابی ، جلد معلوم کریں گے،تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر توانائی خرم دستگیرنے کہاکہ ملک کے جنوبی حصے میں بجلی کی ترسیل میں رکاوٹ آئی، قبل ازوقت اسے حادثہ کہنا غلط ہو گا،وزارت توانائی خرابی کی وجہ معلوم کررہی ہے،ٹرانسمیشن سسٹم میں خرابی کے باعث متعدد پاور پلانٹس ٹرپ کر گئے۔
ان کا کہناتھا کہ جس طرح ٹرپنگ شروع ہوئی اسی طرح بحال ہو رہی ہے، ہم نے ملک کے شمال کو بریک ڈاﺅن سے محفوظ رکھا، پاور پلانٹس ٹرپ کرنے سے بجلی کی ترسیل میں رکاوٹ آئی ، اس وقت ہماری ترجیح کوئٹہ اور کراچی کے شہر ہیں ،آج شام تک معاملہ حل ہو جائےگا۔
وزیر توانائی نے کہاکہ بریک ڈاﺅن کی وجہ سے سسٹم سے 8 ہزار میگاواٹ بجلی نکلی، انکوائری ٹیم 4 روز میں واقعہ کی رپورٹ دے گی،سیپکو کو جزوی طور پر بحال کر دیاگیا،فیصل آباد اور ملتان ریجن مکمل طور پر بحال ہیں ،خرم دستگیر کا کہناتھا کہ 4 ہزار700 میگاواٹ بجلی بحال کر چکے ہیں، بریک ڈاﺅن حادثہ تھا یا فنی خرابی ، جلد معلوم کریں گے،تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔