رانا ثنا اللہ گرفتاری

پنجاب داخلے پررانا ثنا اللہ کو کیسے گرفتار کیا جائیگا؟

لاہور(اُمت نیوز) مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہےکہ پنجاب میں داخلے پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو گرفتار کیا جائےگا۔
ایک بیان میں مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن پنجاب رانا ثنااللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ لے چکا ہے، رانا ثنااللہ کے وارنٹ گرفتاری 19 اکتوبر تک مؤثر ہیں۔
مشیرداخلہ پنجاب نے آئی جی کو ہدایت کی ہےکہ گرفتاری میں پنجاب پولیس اینٹی کرپشن کی معاونت کرے اور قانون کے مطابق رانا ثنااللہ کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔

راولپنڈی کی اینٹی کرپشن عدالت میں وزیرداخلہ رانا ثنااللہ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے عدالت سے رانا ثنا اللہ کے خلاف توہین عدالت کی کاررواءی شروع کرنے کی استدعا کی۔

اینٹی کرپشن ٹیم نے موقف اختیار کیا کہ رانا ثنا اللہ عدالت میں پیش ہو رہے ہیں نہ ہی گرفتاری دے رہے ہیں اس لیے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔

عدالت نے اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے راناثنااللہ کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔عدالت نے اینٹی کرپشن ٹیم کو راناثنااللہ کی گرفتاری کےلیے کوشش جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ راولپنڈی کی جانب سے اینٹی کرپشن انکوائری میں حاضر نہ ہونے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔

پنجاب پولیس اور اینٹی کرپشن سیل ان کی گرفتاری کے لیے راولپنڈی سے اسلام آباد تھانہ سیکٹریٹ پہنچے تھے۔ لیکن تھانی سیکرٹریٹ کے عملے نے گرفتاری میں تعاون نہیں کیا۔