لاہور(اُمت نیوز)پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے مطابق دوستانہ میچز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان جلد کردیا جائے گا،پاکستان ٹیم ورلڈکپ کوالیفائرز 2019کے بعد پہلی بار کوئی انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔
پی ایف ایف کے زیر اہتمام تربیتی کیمپ میں ملک کے مختلف شہروں سے 90 کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا،کارکردگی اور فٹنس کی بنیاد پر ان میں سے 36 کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا تھا،منتخب فٹبالرز کی ٹریننگ کا سلسلہ 6 ہفتے تک لاہور میں جاری رہا۔دوسرے مرحلے کیلئے کھلاڑیوں کو 3 نومبر کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے ۔
ہیڈ کوچ شہزاد انور کا کہنا ہے کہ کھلاڑی پہلے روز سے ہی ٹریننگ میں بھرپوردلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو انٹرنیشنل تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے کوشاں رہے۔
انہوں نے کہا کہ پریکٹس میچز میں سامنے آنے والی خامیاں دور کرنے کیلئے کام کیا گیا ہے،کیمپ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ہر فٹبالر کا ڈیٹا بھی مرتب کیا گیا ہے،کھلاڑیوں نے برازیلی فزیکل ٹرینر روڈریگو ایسٹیوز اور گول کیپنگ کوچ مارسیلو کوسٹا کے تجربے سے بھی بھرپور فائدہ اٹھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ فیفا کی نامزد نارملائزیشن کمیٹی ہر ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے،سب بڑی بیتابی سے انٹرنیشنل میچز کے منتظر ہیں۔