اسلام آباد(اُمت نیوز) اسلام آباد کے نجی شاپنگ مال میں آتشزدگی کے معاملے پر ایم سی آئی کے محکمہ ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی حتمی رپورٹ تیار کر لی گئی۔
رپورٹ کے مطابق 9 اکتوبر کو مال میں آگ لگنے کے واقعے کی بظاہر وجہ معلوم نہیں ہو سکی، جائے وقوعہ پر بجلی اور گیس مصنوعات کی صورت میں آگ کیلئے کافی ایندھن موجود تھا۔
رپورٹ کے مطابق مال انتظامیہ کی جانب سے فائر سیفٹی کے معیار کی مکمل خلاف ورزی کا تمام ریکارڈ موجود ہے، عمارت میں آگ سے بچاؤ کیلئے خود کار آلات کی تنصیب میں کوتاہی برتی گئی۔
رپورٹ کے مطابق فوڈ کورٹ میں بھی فائر اینڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پائی گئی، مال انتظامیہ کے پاس تربیت یافتہ فائر فائٹنگ اسٹاف نہیں تھا جس کی وجہ سے زیادہ نقصان ہوا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حتمی رپورٹ کو انکوائری کمیٹی کے ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق 7 رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ تیار کی ہے جس کے مطابق آگ شاپنگ مال کے فوڈ کورٹ کے ایک ریسٹورنٹ میں لگی۔
ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آگ کوکنگ آئل اور آگ میں شدت کا باعث بننے والے میٹریل کی وجہ سے پھیلی۔
شاپنگ مال کے ایمرجنسی ایگزٹ کی جگہ مناسب روشنی کا انتظام نہیں تھا، آگ بجھانے کے لیے فائر وہیکل کا استعمال 200 فٹ تک کی اونچائی سے کیا گیا۔
latest ummat news