اساتذہ گرفتار

الیکشن ڈیوٹی میں لاپروائی پر دو اساتذہ کی گرفتاری کا حکم

کراچی(اُمت نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضلعی الیکشن کمشنر ضلع جنوبی کراچی نے گورنمنٹ ڈی جے سائنس کالج کے دو اساتذہ کو الیکشن ڈیوٹی میں عدم دستیابی پر گرفتار کرنے کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

اسسٹنٹ پروفیسر محمد سہیل خان اور اسسٹنٹ پروفیسر سردار بخش وڈھو کے ساتھ ہتک آمیز رویے پر کالج اساتذہ میں سخت تشویش پائی جا رہی ہے۔

دستاویزات کے مطابق ضلعی الیکشن کمشنر ضلع جنوبی کراچی اور ریٹرنگ آفیسر ون یو سی 7 تا یو سی 8، افتخار حسین نے سینئر سپرٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ کو خط لکھا ہے کہ گورنمنٹ ڈی جے سائنس کالج کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر محمد سہیل خان نے نیشنل ٹاسک یعنی بلدیاتی انتخابات 2022 (دوسرا مرحلہ) کے انعقاد میں تعاون سے گریز کیا ہے۔

خط کے مطابق اسسٹنٹ پروفیسر محمد سہیل خان کو کالجز کے فوکل پرسن مسعود کے ذریعے حاضری کو یقینی بنانے کے لیے آفس میمورنڈم جاری کیا گیا تھا۔

تاہم وہ حاضر نہیں ہوئے جو کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 218 (3) کے مطابق انتخابات کے مؤثر انعقاد کے خلاف ہے۔

چونکہ الیکشنز ایکٹ، 2017 کے سیکشن 54 (1) کے تحت یہ ریٹرننگ آفیسر کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے کام اور چیزیں کریں جو کہ پولنگ کے مؤثر انعقاد کے لیے ضروری ہوں۔ ایسا نہ کرنے پر زیر دستخطی نے وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محمد سہیل خان اور سردار بخش وڈھو کو گرفتار کرکے 14 اکتوبر 2022 کو صبح 10:00 بجے ضلعی الیکشن کمشنر ساؤتھ کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔