اسلام آباد(اُمت نیوز)آزاد جموں و کشمیر میں 31 برس بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں انتخابی شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔
آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات 27 نومبر کو منعقد ہوں گے۔انتخابی شیڈول کے مطابق امیدواروں کے کاغذات نامزدگی 14 تا 21 اکتوبر 2022ء تک ریٹرننگ افسرکے پاس جمع کرائے جائیں گےجب کہ ریٹرننگ افسر 22اکتوبر کو کاغذات کی اسکروٹنی کریں گے ۔ نامزد امیدواروں کی فہرست 22 اکتوبر کو آویزاں کردی جائے گی۔
شیڈول کے مطابق مسترد کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 25 تا 26 اکتوبر تک کی جاسکیں گی۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 29 اکتوبر کو آویزاں کی جائے گی، جس کے بعد انتخابی نشان 31 اکتوبر کو الاٹ کردیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے مطابق 27 نومبر کوبلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا انعقاد کیا جائے گا اور پورے آزاد کشمیر میں ایک ہی دن پولنگ ہوگی۔