امریکہ اور اس کے اتحادی ملک میں افراتفری پھیلا رہے ہیں۔ ایرانی صدر

تہران(امت نیوز) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ امریکہ کی ہمارے خلاف پابندیوں کے تمام حربے بے کار گئے، لہذا اُس نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ اب ایران میں انارکی پھیلانے کا راستہ تلاش کیا ہے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق صدر رئیسی نے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں منعقدہ ایشیائی تعاون تنظیم کے چھٹے اجلاس کے دوران اپنے خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا۔
صدر رئیسی نے کہا کہ امریکہ طویل عرصے سے ایران کے خلاف پابندیوں کا اطلاق کررہا ہے مگر ایرانی قوم نے ان حربوں کو مسترد کرتے ہوئے اُس کی تمام کوششوں پر پانی پھیر دیا ہے لیکن اب کی بار امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے ایران میں انارکی پھیلانے کا راستہ ڈھونڈا ہے جو ناکامی کا منہ دیکھے گا۔