اسلام آباد(اُمت نیوز)سربراہ پاکستان مسلم لیگ (ض) اعجاز الحق نے سابق وزیراعظم عمران خان سے بنی گالا میں ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتحال اور ضمنی الیکشن کے حوالے سے بات چیت کی۔
اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ امید ہے یہ ضمنی انتخابات بھی 17جولائی کی طرح صاف وشفاف ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کا بیان انتہائی تشویشناک ہے، یہ موجودہ حکومت کی نااہلی اور خارجہ پالیسی کی کمزوری ہے۔
اعجاز الحق کا مزید کہنا تھا کہ تمام اداروں کا کردار بہت اہم ہے، بہترین حکمت عملی کے ساتھ متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ حکومت صاف وشفاف الیکشن سے فرار چاہتی ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ عوام مہنگائی وبیروزگاری سے پریشان ہیں، لوگ موجودہ حکومت سے تنگ آچکے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جوبائیڈن کا بیان حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہمارے پاس سب سے محفوظ جوہری کمانڈ اینڈکنٹرول سسٹم ہے۔