بھوک کی عالمی درجہ بندی میں بھارت کی107ویں پوزیشن۔ مودی سرکار سخت برہم

ڈبلن(امت نیوز) گلوبل ہنگر انڈیکس 2022ء (GHI) یعنی بھوک/شکم سیری کی عالمی رینکنگ میں 121 ملکوں میں 107 ویں پوزیشن دیئے جانے پر بھارت کی مودی حکومت نے سخت برہمی ظاہر کی ہے۔
اس درجہ بندی میں پاکستان کو 99 ویں پوزیشن ملی ہے۔
یہ ایک ایسی پیمائش ہے، جس کا مقصد عالمی، علاقائی اور قومی سطحوں پر بھوک کی پیمائش اور اس کی درجہ بندی کرنا ہے، اس رینکنگ میں ہندوستان کو 29.1 کا اسکور دیا گیا ہے اور وہاں بھوک کی سطح کو سنگین قرار دیا گیا ہے۔
انڈیکس میں پاکستان کا اسکور 26.1 ہے اور وطن عزیز میں بھوک کی سطح کو بھی سنگین بتایا گیا ہے۔
ہندوستان گزشتہ سال 121 ویں پائیدان پر تھا۔ تازہ ترین فہرست میں یمن آخری نمبر پر ہے۔
گلوبل ہنگر انڈیکس 2022 میں بھارت کو انتہائی نچلی پوزیشن دیئے جانے پر مودی سرکار نے شدید ناراضی جتاتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کے امیج کو ایک ایسے ملک کے طور پر خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو اپنی آبادی کا غذائی تحفظ اور غذائی ضروریات کو پورا نہیں کرتا ہے۔
بھارتی حکومت نے دعوٰی کیا ہے کہ غلط معلومات حاصل کرکے سالانہ گلوبل ہنگر انڈیکس کے تحت فہرست جاری کی گئی ہے۔
ہندوستان کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ گلوبل ہنگر انڈیکس فاقہ کشی کا ایک غلط پیمانہ ہے اور طریقہ کار کے سنگین مسائل سے دوچار ہے۔
گلوبل ہنگر انڈیکس کے زیرعنوان رپورٹ آئرلینڈ اور جرمنی کی غیرسرکاری تنظیموں کنسرن ورلڈ وائیڈ اور ویلٹ ہنگر ہلف نے جاری کی ہے۔