امریکی خاتون کی آنکھ سے نکلے پورے 23 کانٹیکٹ لینس۔ وڈیو ہوئی وائرل

واشنگٹن(امت نیوز) میڈیکل سائنس میں بہت سی ایسی چیزیں ہیں جن کے پیچھے سائنسی وجوہات بتائی تو جاتی ہیں لیکن پھر بھی لوگ ان پر یقین نہیں کرتے۔
چشمے کے متبادل کے طور پر دستیاب چیزوں میں سے ایک کانٹیکٹ لینس بھی ہے۔ اگر آپ نہیں جانتے کہ اسے کس طرح پہننا اور اتارنا ہے تو یہ آپ کے لیے مسائل بھی پیدا کرسکتا ہے۔
ایسا ہی کچھ ایک خاتون کے ساتھ ہوا جسے ڈاکٹر کے پاس پہنچنے کے بعد اپنی غلطی کا احساس ہوا۔
ڈاکٹر نے مذکورہ خاتون کی آنکھ سے کل 23 کانٹیکٹ لینس نکالے جس کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔
خاتون انہیں دن میں پہنتی تھی اور رات کو بغیر اتارے سو جاتی تھی۔ جب اسے اپنی آنکھوں میں ہلکی سی تکلیف محسوس ہوئی تو وہ ڈاکٹر کے پاس چلی گئی ورنہ وہ روز ایک کے اوپر ایک لینس بڑی آسانی سے لگاتی جا رہی تھی۔
یہ واقعہ امریکی ریاست کیلی فورنیا کا ہے جہاں آنکھوں کے ایک اسپیشلسٹ نے یہ ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی ہے۔
ڈاکٹر نے ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون کی ایک ہی آنکھ سے ایک کے بعد ایک کرکے 23 کانٹیکٹ لینس نکالے۔ یہ ایک بہت ہی عجیب واقعہ تھا جس کے بارے میں ڈاکٹر نے لکھا ‘جب کوئی کانٹیکٹ لینس اتارنا بھول جائے اور ہر روز ایک نیا لگاتا جائے۔ مسلسل 23 دنوں تک۔ میں نے آج کانٹیکٹ لینس کا ایک گچھا اپنے کلینک میں ڈلیور کیا۔‘‘
ڈاکٹر نے بتایا کہ اس نے کانٹیکٹ لینس سرجیکل انسٹرومنٹ سے ایک ایک کرکے نکالے۔ وہ تقریباً ایک ماہ سے پلکوں کے نیچے چپکے ہوئے تھے۔