وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی ہے، 25 مئی کی پالیسی کو 10سے ضرب دے کر کام کریں گے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جتھوں کی موجودگی سے حکومت تبدیل ہوسکتی تو پھر کل کو کوئی دوسرا جتھہ آئے گا، کسی صورت بھی جتھہ کلچر بد تمیزی اور فتنہ فساد کے کلچرکو ہرحال میں ختم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم مشروط مذاکرات کیلیے تیار نہیں، غیرمشروط مذاکرات ہوسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے متعلق کوئی بھی یہ اتھارٹی نہیں رکھتا کہ وہ فیصلہ کرےکہ وہ کب آئیں گے، پارٹی نے درخواست کی ہے کہ اگلے الیکشن کی کمپین وہ شامل ہوں، انہوں نے اسے قبول کیا ہے، آنے کا فیصلہ وہ کریں گے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ اگلےعام انتخابات کی مہم میں نواز شریف پارٹی کو لیڈ کریں گے۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ "بعض اوقات بندے سے چول وج جاتی ہے”(بعض اوقات انسان سے بیوقوفانہ بات ہو جاتی ہے )، امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی پاکستانی ایٹمی اثاثوں کو غیر محفوظ اور پاکستانی قوم کو خطرناک قوم کہہ کر "چول ہی ماری ہے "بیوقوفانہ بات کی ہے۔