اسلام آباد:قومی اسمبلی کی آٹھ اور پنجاب اسمبلی کی تین نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہو گیا جب کہ ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 5 بجے کے بعد پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود لوگوں کو ووٹ ڈالنےکی اجازت ہوگی۔صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہی،ٹرن آئوٹ انتہائی کم رہا۔
ترجمان الیکشن کیمشن کے مطابق 15شکایات موصول ہوئیں جنہیں فوری طور پر دورکر دیا گیا،مجموعی طور پر پولنگ پرامن رہی۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 108فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 157 ملتان، این اے 237 ملیر کراچی اور این اے 239 کورنگی کراچی شامل ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 139شیخوپورہ، پی پی 209خانیوال اور پی پی241بہاولنگر میں بھی ضمنی انتخاب ہوا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان قومی اسمبلی کی 8 میں سے 7 نشستوں پرانتخاب لڑا۔ قومی اسمبلی کی تمام نشستیں پی ٹی آئی کے ارکان کے استعفوں کے باعث خالی ہوئی تھیں۔