کراچی(امت نیوز) ڈینٹل کلینک پر حملے میں ملوث مبینہ دہشت گرد سے تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔
تفتیشی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ملزم وقار احمد خشک طویل عرصے سے نوکری کی تلاش میں تھا۔ ملزم نے شاہ لطیف ٹاؤن میں گھر لے رکھا تھا۔ ملزم کا کالعدم تنظیم کےمطلوب دہشتگرد اور سربراہ سے سوشل میڈیا پر رابطہ ہوا۔ وقار کا آبائی تعلق دادو سے ہے۔
واردات کے لیے ملزم اور اس کے ساتھی کو رقم بھی فراہم کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈینٹل کلینک پر حملے کی ہدایات بیرون ملک سے دی گئی تھیں جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل شاہ لطیف ٹاؤن کے مکان میں چھپائی گئی۔ واردات میں سہولت کاری کے لیے 5 افراد کی ٹیم بنائی گئی تھی۔
واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل یونس نامی شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ واردات کے دوران ملزم اور اس کا ساتھی باری باری موٹرسائیکل چلاتے رہے۔
ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں متعدد مقدمات پر چھاپے مارے گئے تاہم گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔