واشنگٹن:بھارتی وزیرخزانہ سمیت 11 اعلیٰ حکام کو مطلوب قرار دیتے ہوئے ان پرپابندی کا مطالبہ،غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی اخبار ’ وال اسٹریٹ جنرل‘ میں شائع ہونے والے اشتہار میں امریکی حکومت سے بھارتی وزیرخزانہ نرملا سیتا رمن اورسپریم کورٹ کے ججز سمیت 11 اعلیٰ حکام پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا۔
انسانی حقوق اور تعلیم کے لیے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے شائع اشتہار میں کہا گیا ہے کہ مودی سرکار کے ان اہلکاروں نے سیاسی مخالفین کو دبانے،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کاروباری حریفوں سے بدلہ چکانے کے لئے سرکاری اداروں اور وسائل کا بے دریغ استعمال کیا۔ یہ تمام حکام انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں شامل ہیں۔
اشتہار میں بھارتی حکام کو ’مودی کی میگتیسکی 11‘ قرار دیا گیا ہے۔ امریکا میں 2016 کے گلوبل میگنیتسکی قانون کے تحت انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے والے غیر ملکی سرکاری حکام پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔
اشتہار ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب بھارتی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن امریکا کے دورے پر ہیں۔ بھارت میں امریکی اخبار میں شائع اشتہار سے کھلبلی مچ گئی ہے۔