بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر زمبابوے کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔فائل فوٹو
بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر زمبابوے کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔فائل فوٹو

وارم اپ میچ ۔ بھارت نے آسٹریلیا کیلیے خطرے کی گھنٹی بجا دی

برسبین: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو6 رنز سے شکست دے دی۔

برسبین میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کرفیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 186 رنز بنائے، بھارتی بلے بازوں کے ایل راہول اورکپتان روہت شرما نے اپنی ٹیم کو بہترآغاز فراہم کیا۔

بھارت کی پہلی وکٹ 78 کے اسکور پر گری، بھارت کی جانب سے اوپننگ بلے باز کے ایل راہول نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 33 گیندوں پر 57 رنز اسکور کرکے نمایاں رہے، انہوں نے 6 چوکے اور3 چھکے لگائے۔

بھارت کے سوریا کمار یادو نے بھی 33 گیندوں پر50 رنز بنائے جس میں 6 چوکے اورایک چھکا شامل تھا،اس کے علاوہ روہت شرما نے 15، ویرات کوہلی نے 19 اور دنیش کارتھک نے 20 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کے کین رچرڈسن نے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مچل اسٹارک، گلین میکسویل اور ایشٹن ایگر نے ایک ایک وکٹ لی۔

بھارت کے 187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے بلے بازوں نے مقابلے کی بھرپور کوشش کی۔کینگروز کی جانب سے ایرون فنچ نے 54 گیندوں پر 76 اور مچل مارچ نے 18 گیندوں پر 35 رنز کی اننگز کھیلی ، اس کے علاوہ میکسویل نے 23 اور اسٹیون اسمتھ نے 11 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ بھونیشور کمار نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔