ماسکو: روسی فوجی کا جیٹ طیارہ دوران پرواز ہچکولے کھاتے ہوئے شہری علاقے میں گرکرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی ملٹری ڈسٹرکٹ کے ہوائی اڈے سے تربیتی پروازکے لیے پرواز بھرنے والا لڑاکا طیارہ یوکرین کی سرحد کے قریب روسی قصبے یسک میں ایک عمارت کی پارکنگ میں گرگیا اور طیارہ میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔
آگ کے شعلوں نے دیکھتے ہی دیکھتے 9 منزلہ عمارت کی 5 منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور7 فلیٹ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئے۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ رہائشیوں کو نکلنے کا موقع نہیں ملا۔ اس عمارت میں 600 سے زائد افراد رہتے تھے۔
امدادی کاموں کے دوران سب سے پہلے 3 بچوں کی جلی ہوئی لاشیں ملیں جس پر صرف 3 ہلاکتوں کا دعویٰ کیا گیا تاہم چند گھنٹوں بعد ملبے سے مزید 10 لاشیں ملیں اس طرح مجموعی ہلاکتیں 13 ہوگئیں۔
ریسکیو کے دوران 25 افرادکو زخمی اور جھلسی ہوئی حالت میں نکالا گیا جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ زیادہ تر زخمیوں کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
روسی خبر رساں ایجنسیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ تربیتی پرواز پر مامور طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی تھی جس کے باعث وہ رہائشی عمارت کے صحن میں گرا اور آئل گرنے سے آگ پوری عمارت میں پھیل گئی۔
انجن میں آگ لگتے ہی پائلٹ نے طیارے میں سے چھلانگ لگادی تھی اور پیراشوٹ کے ذریعے زمین پر بحفاظت اتر گیا تھا۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔