واشنگٹن(امت نیوز) امریکی ریاست فلوریڈا میں ایان طوفان کے بعد گوشت خور بیکٹیریا کی وجہ سے اسپتال بھرنے اور جنازے اٹھنے لگے۔
فلوریڈا کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ جمعے سے اب تک ریاست میں گوشت خور بیکٹیریا کی وجہ سے بیمار پڑنے والے مریضوں کی تعداد 65 اور اموات کی تعداد 11 تک پہنچ گئی ہے۔
مریضوں کی اکثریت کا تعلق ایان طوفان سے متاثرہ علاقے ‘لی کاؤنٹی’ سے ہے۔
لی کاؤنٹی میں ریکارڈ کئے گئے 29 کیسز اور 4 اموات میں سے 2 کے سوا تمام کیسں اور اموات طوفان کے بعد ریکارڈ کی گئی ہیں۔
لی کاؤنٹی ہیلتھ عملے کے جاری بیان کے مطابق "سمندری طوفان کے بعد جمع ہونے والا سیلابی پانی ‘وائبریو ولنی فیکس’ جیسی متعدی بیماریوں سمیت متعدد خطرات کا باعث بن رہا ہے۔ ایان طوفان کی طرح ساحلی نظام ِنکاسی سے رِسنے والے پانی نے بھی بیکٹیریا کے پھیلاؤ میں اضافہ کر دیا ہے۔ ایسے افراد جن کے جسم پر کوئی زخم یا کٹ ہو، وہ سمندری پانی سے لمس کی صورت میں وائبریو ولنی فیکس بیکٹیریا سے براہ راست متاثر ہوسکتے ہیں۔
اگرچہ کوئی بھی اس بیماری میں مبتلا ہوسکتا ہے لیکن کمزور قوت مدافعت والے افراد کے لئے یہ بیکٹیریا نسبتاً زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق کچے چھلکے والی سمندری مصنوعات خاص طور پر کستورا مچھلی کھانے سے بیکٹیریا جسم میں داخل ہو سکتا ہے۔