کابل(امت نیوز) افغانستان کے 22 صوبوں میں پولیو ویکسی نیشن مہم شروع ہوگئی۔
طالبان عبوری حکومت کی وزارت صحت کے ترجمان شرافت زمان نے تحریری بیان میں کہا ہے کہ افغانستان میں بچوں میں پولیو کے واقعات میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔
رواں سال کے دوران کُنار اور پکتیکا میں ایک، ایک پولیو مریض کی نشاندہی ہوئی ہے۔
شرافت زمان نے بتایا کہ موجودہ پولیو ویکسی نیشن مہم مختلف صوبوں میں ہنگامی بنیادوں پر شروع کی جا رہی ہے اور 4 دن تک جاری رہے گی۔
مہم کے دوران ہم تقریباً 6 ملین بچوں کو ویکسین پلانے کا پروگرام رکھتے ہیں۔
پاکستان اور افغانستان 2 ایسے ممالک ہیں کہ جہاں اب تک بچوں میں پولیو کا مرض دیکھنے میں آ رہا ہے۔ رواں سال پاکستان میں 20 اور افغانستان میں 2 بچوں میں پولیو کی تشخیص ہوئی ہے۔
بِل اور میلنڈا گیٹس نے افغانستان اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچوں میں پولیو کی بیماری کے خاتمے کے لئے 2 ارب 10 کروڑ ڈالر کی امداد کا وعدہ کیا تھا۔