نئی دہلی(امت نیوز) بھارت میں تین سال کا بچہ اپنی ماں کی شکایت لے کر تھانے پہنچ گیا۔
یہ انوکھا واقعہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پیش آیا، جہاں تین سال کا بچہ اپنی ماں کے خلاف شکایت لے کر تھانے پہنچ گیا۔ بچے نے تھانے کے عملے سے ماں کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسے ٹافیاں کھانے نہیں دیتیں اور تھپڑ مارتی ہیں، اس لیے انہیں گرفتار کیا جائے۔
تین سال کے صدام کو اس کے والد ضد کرنے پر تھانے لے کر پہنچے تو تھانے کا عملہ اتنے کم عمر مدعی کو دیکھ کر حیران رہ گیا۔
بچے نے خاتون سب انسپکٹر کو اپنی والدہ کے خلاف شکایت درج کرائی اور انہیں گرفتار کرنے کا کہا۔
خاتون افسر نے بچے کو پیار کیا اور جھوٹ موٹ اس کی شکایت درج کرکے ایک کاغذ پر باقاعدہ دستخط بھی کروائے۔
پولیس افسر نے بچے کو یقین دہانی کرائی کہ اس کی ماں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ ماں کے خلاف تھانے پہنچنے والے بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔