کراچی:سندھ ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کی این اے 237کا نتیجہ روکنے کی درخواست مستردکردی گئی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق وکیل پی ٹی آئی شہاب امام کی جانب سے درخواست میں موقف اختیارکیاگیاکہ این اے 237 میں بدترین دھاندلی کی گئی پی ٹی آئی کی ،عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ درخواست قابل سماعت نہیں، الیکشن ٹریبونل سے رجوع کریں ۔
وکیل پی ٹی آئی نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے اپنے دروازے ہی بند کر دیئے جب ہم درخواست لے کر گئے ،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہاکہ بے ضابطگی یا دھاندلی ہوئی ہے تو آپ کے پاس الیکشن ٹریبونل جانے کا آپشن ہے ۔
وکیل پی ٹی آئی نے کہاکہ آئین کے آرٹیکل 225 کے تحت ہمیں دادرسی کیلیے رجوع کرنے کا حق ہے ،الیکشن ٹریبونل جانے کا آپشن الیکشن مکمل ہونے کے بعد ہے ،ہم الیکشن کمیشن گئے دروازہ نہیں کھولا گیا اس لیے یہاں آئے ،الیکشن کمیشن کو بے ضابطگی کے حوالے سے تین خطوط لکھے گئے ۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہاکہ الیکشن کا کیا تنازع لے کر آئے ہیں یہ بتائیں ؟جوباتیں آپ بتا رہے ہیں وہ الیکشن تنازع کے زمرے میں آتا ہے،چیف جسٹس نے استفسارکیاکہ آپ الیکشن ٹریبونل گئے یا نہیں ۔وکیل پی ٹی آئی نے کہاکہ ہم الیکشن کمیشن گئے تھے شکایت لے کر دروازہ ہی نہیں کھولا گیا۔