عمران خان کیخلاف توشہ کیس کا فیصلہ آج

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن فیصلہ آج سنائے گا۔

الیکشن کمیشن نے سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر فریقین کو طلبی کے نوٹسز جاری کر دیئے۔ الیکشن کمیشن توشہ خانہ کیس کا فیصلہ جمعہ کو دن 2 بجے سنائے گا۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 19 ستمبر کو توشہ خانہ ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ضلعی انتظامیہ کو خط لکھ کر فول پروف سیکیورٹی طلب کرلی ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا جائے کیونکہ فیصلے کے وقت پی ٹی آئی کارکنان کے جمع ہونے کا خدشہ ہے۔

ضلعی انتظامیہ سے سفارش کی گئی ہے کہ توشہ خانہ فیصلے کی روشنی میں ریڈ زون اور الیکشن کمیشن کی عمارت کے ارد گرد سیکیورٹی تعینات کی جائے۔

الیکشن کمیشن کی سفارش پر ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون اور الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر اہلکاروں تعینات کردیا ہے۔گزشتہ سماعت میں عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں بلکہ کمیشن ہے جب تک ہائیکورٹ کی نگرانی نہ ہو تو کوئی ادارہ عدالت نہیں بن جاتا،

الیکشن کمیشن خود کو عدالت قرار نہیں دے سکتا، ایسا نہیں ہوسکتا کہ 10 سال پرانی چیز اٹھا کر سوال کردیا جائے، یہ ایک سیاسی کیس ہے، اپوزیشن اس پر پریس کانفرنسز بھی کر رہی ہے۔

اس سے قبل عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں 2 ریفرنس دائر کیے گئے تھے جس میں سے دو ماہ قبل الیکشن کمیشن نے ایک ریفرنس خارج کر دیا تھا۔