کئی دفاتر کے باہر جلاؤ گھیراؤ بھی کیا گیا او سڑکیں بند کردی گئیں۔فائل فوٹو
کئی دفاتر کے باہر جلاؤ گھیراؤ بھی کیا گیا او سڑکیں بند کردی گئیں۔فائل فوٹو

عمران خان کی نااہلی کیخلاف مختلف شہروں میں احتجاج،جلائو ،گھیرائو

اسلام آباد: پی ٹی آئی نے عمران خان کو نااہل قرار دینے پرالیکشن کمیشن کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فیصلے کے بعد ملک کے تمام شہروں میں پی ٹی آئی کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے الیکشن کمیشن اور حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔ کارکنوں نے ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج شروع کردیا، کئی دفاتر کے باہر جلاؤ گھیراؤ بھی کیا گیا او سڑکیں بند کردی گئیں، ٹریفک جام ہو گیا ،گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

فیض آباد انٹر چینج پر پی ٹی آئی کارکنوں اور سرکاری اہلکاروں کے درمیان جھگڑا  ہوا، جھگڑے میں اسلام آباد انتظامیہ کے ملازم کی پی ٹی آئی کارکنوں نے عینک توڑ دی ، تھپڑ اورمکے بھی مارے  گئے ، جھگڑا ویڈیو بنانے پر ہوا، پی ٹی آئی رہنما واثق قیوم اور چیئر مین پی ایچ اے آصف محمود نے پولیس اہلکاروں کو دھکے دیے ، موقع پر موجود اسلام آباد پولیس اور رینجرز نے معاملہ رفع دفع کرا دیا۔

احتجاج کی ہدایت ملنے پر پی ٹی آئی ضلع پشاور کی قیادت نے موٹروے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ قیادت نے کارکنان کو فوری طور پر موٹروے ٹول پلازہ پہنچنے کی ہدایت کردی۔ کارکنان نے پشاور موٹر وے انٹر چینج ایم ون بند کردیا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں نے فیض آباد سے زیرو پوائنٹ ہائی وے بلاک کردی ہے۔

پی ٹی آئی کارکنوں نے لاہور فیروز پور روڈ بند کر دی ہے ، کینال روڈ پر بھی ٹریفک بلاک ہو گئی ، پی ٹی آئی ورکرز نے شاہدرہ چوک کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا، کلمہ چوک میٹرو سٹیشن پر پی ٹی آئی کارکنوں کا احتجاج جاری ہے جس کے باعث میٹرو بس سروس بھی معطل  ہو گئی ہے،  پی ٹی آئی ورکرز کے احتجاج کے باعث جیل روڈ فوارہ چوک کے مقام پر بھی ٹریفک بند   ہے۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج شروع کردیا اور کارکنوں نے نعرے بازی کی، پولیس نے الیکشن کمیشن کی عمارت کو حصار میں لے لیا۔رحیم یار خان میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنان احتجاج کرتے ہوئے باہر نکل آئے اور انہوں نے نعرے بازی کی۔

شیخوپورہ میں بھی سینکڑوں کارکنوں نے لاہور سرگودھا روڈ بلاک کر دیا ہے دوسری جانب ، اوکاڑہ میں کارکنوں نے بائی پاس کو بلاک کر دیا ہے ، اسلام آباد کے علاقے بہارہ کہو میں بھی بڑی تعداد میں عوام کا شدید احتجاج و نعرے بازی جاری ہے ۔

کراچی میں  الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف کورنگی میں کارکنوں کا احتجاج جاری ہے، پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کا اعلان کردیا،پی ٹی آئی سندھ کے صدر حیدرزیدی نے ریلی کا اعلان کیا۔

واضع رہے  فیصلے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ یہ فیصلہ 22 کروڑ لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے، لوگ اس کے خلاف اپنے حق کے لیے باہر نکلیں۔