الیکشن کمیشن کے فیصلے پر تنقید کیلئے پنجاب اسمبلی کا ہنگامی اجلاس طلب

لاہور ( نمائندہ امت) الیکشن کمش کی طرف سے پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ناہل قراردینے کے فیصلے کے بعد ہنگامی طور پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت سے چار روز قبل ہفتہ کی سہ پہر تین بجے طلب کرلیا گیا ہے ۔ جمعے کے روز اسپیکر محمد سبطین خان نے اجلاس چھبیس اکتوبر کی دوپہر تک ملتوی کیا تھا لیکن الیکشن کمیشن کے فیصلے کا اعلان ہوتے ہی اسپیکر نے قواعد و انضباط کار صوبائی اسمبلی پنجاب،بابت 1997، کے قاعدہ 25 (بی) کے تحت حا صل اختیارات بروئے کار لاتے ہوئے اجلاس کا وقت اور ترایخ تبدیل کرکے پنجاب اسمبلی کی آئندہ نشست 22 اکتوبرہفتہ تین بجے سہ پہر کے لئے مقرر کی ہے، سرکاری اعلامیے کے مطابق ہفتہ کی سہ پہرکی نشست کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے گیا جس کے مطابق اجلاس کی صدارتاسپیکر محمد سبطین خان کریں گے ، ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں خصوصی طور پر قرارداد کے ذریعے الیکشن کمیشن کے فیصلے پرتنقید کی جائے گی اور اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی تحلیل کا مطالبہ دہرایا جائے گا ۔ یہاں یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ حکومتی اتحادی اراکین کو خصوصی طور پر ٹیلی فون کرکے اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاہم اپوزیشن کی طرف سے اس ضمن میں لائحہ عمل تاحال سامنے نہیں آیا ۔