اسلام آباد:فیٹیف نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا۔تفصیلات کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اہم اجلاس آج ہوا۔ سنگاپور میں ٹی راج کمار کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ ایف اے ٹی ایف کے صدر ٹی راجا کمار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 2018 سے گرے لسٹ میں تھا اور حکام کی جانب سے بڑی محنت کے بعد 34 نکات پر عمل درآمد کرلیا۔ ایف اے ٹی ایف پاکستان کو اس پیش رفت پر خیرمقدم کرتا ہے۔ پاکستان ہماری مانیٹرنگ میں رہے گا، پاکستان کو اینٹی منی لانڈرنگ اور ٹیررفنانسنگ قانون پر مزید عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ انسدا دہشتگردی سے متعلق پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہیں۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹر پر بیان میں لکھا کہ پاکستان کے عوام کو مبارک ہو۔ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سےباقاعدہ طور پر نکال دیا گیا ہے۔
دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فیٹف گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلنے پر شکر ادا کرتے ہیں، اللہ کا شکر ہے پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نجات ملی، پاکستان کا سربلند ہونے پر میری گردن اللہ تعالیٰ کے حضور شکر سے جھکی ہوئی ہے، عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار کی بحالی قوم کو مبارک ہو، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں یہ ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے۔