ثابت ہوا عمران خان صادق و امین نہیں تھا، فضل الرحمان

اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آج بدتہذیبی کا ماسٹر مائنڈ انجام کو پہنچا۔
مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم اجلاس ہوا جس میں نواز شریف، وزیر اعظم شہباز شریف اور مریم نواز ویڈیو لنک سے شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی، عمران خان کی نااہلی کے بعد کی صورتِحال اور متوقع لانگ مارچ روکنے سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج بدتہذیبی کا ماسٹر مائنڈ انجام کو پہنچا ہے ، آج ثابت ہوا کہ وہ صادق تھا نہ امین تھا۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کا ایک بہروپیے سے واسطہ پڑا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے جبکہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو توشہ کیس میں نا اہل قرار دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں نااہل کیے جانے کے بعد عمران خان قومی اسمبلی کی نشست کے بعد پارٹی چیئرمین بھی نہیں رہ سکتے۔
الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس کے فیصلے میں کہا کہ عمران خان کرپٹ پریکٹس میں ملوث رہے لہذا ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی جاتی ہے۔