لاہور( اُ مت نیوز)پاکستان جونیئر لیگ ( پی جے ایل) کے پہلے ایڈیشن کا ٹائٹل بہاولپور رائلز نے اپنے نام کرلیا ہے۔، فیصلہ کن معرکے میں گوادر شارکس کو 86 رنز کے بڑے مارجن سے مات دے دی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں پہلے بہاولپور رائلز نے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنائے، وکٹ کیپر بیٹر شاہ ویز عرفان نے ابتدا میں شاندار اور جارحانہ بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کا اسکور تیزی سے بڑھایا۔وہ 79 رنز کی اننگزکھیل کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ باسط علی نے 35 رنز بنائے، پھر طیب عارف اور خروٹے نے بھی عمدہ بیٹنگ کی ،طیب عارف نے 56 رنز اسکور کیے ،خروٹے 47رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
226 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں گوادر شارکس کے کپتان شامل حسین نے جارحانہ انداز اپنایا، وہ جب تک کریز پر رہے ٹیم کے جیتنے کی اُمیدیں بھی برقرار رہیں مگر اُن کے آؤٹ ہوتے ہی بیٹر ایک، ایک کر کے واپس جانے لگے۔
شامل حسین نے 67 رنز بنائے،گوادر شارکس کی پوری ٹیم16 ویں اوور میں 140 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور یوں بہاولپور نے 86 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان جونیئر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا