فیٹف معاملے میں آرمی چیف کےکلیدی کردار کوسراہتا ہوں،وزیر اعظم

اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(فیٹف) کی گرے لسٹ سے نکلنے پر اظہار تشکر کیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں شہباز شریف نےکہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نجات ملی،عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار کی بحالی قوم کو مبارک ہو ۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یہ ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے، انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو دنیا نے تسلیم کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فیٹف میں شامل ممالک کا شکریہ، پاکستان کےمؤقف کو تسلیم کیا، وزیرخارجہ بلاول بھٹو، تمام متعلقہ حکام اور وزارتوں کو مبارک باد ہو، انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان، ڈی جی ایم او سمیت دیگر تمام ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کو اس کامیابی میں کلیدی کردار پر سراہتاہوں اور مبارک باد دیتا ہوں، اتحادی جماعتوں اور قائدین کا بھی شکریہ جنہوں نے بھرپور تعاون سے یہ ممکن بنایا۔