’’دیار حرم‘‘ سے ’’دیار اہرام‘‘ تک

ریاض(امت نیوز) سعودی عرب کی پیراک اور دانتوں کی ڈاکٹرمریم بن لادن دیار حرم سے تیر کر مصر پہنچ گئیں۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والی دنیا کی پہلی عرب اور سعودی خاتون ہیں۔
مریم بن لادن نے شارک مچھلیوں کے خطرے کے باوجود مرجان کی چٹانوں کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کی غرض سے مصر میں سی او پی 27 سربراہ اجلاس کے مقام تک پہنچنے کے لیے بحیرہ احمر کو عبور کیا۔
ڈاکٹرمریم بن لادن نے انسٹاگرام پر اپنی پیراکی کی متعدد تصاویراور ویڈیوز پوسٹ کی ہیں۔ان میں ان کے طویل سمندری سفر کو دستاویزی شکل دی گئی ہے۔
مریم بن لادن کے ساتھ اقوام متحدہ کے سمندری سرپرست اور ماہر پیراک لیوس پگ بھی تھے۔
سی او پی 27 موسمیاتی سربراہ اجلاس 6 سے 18 نومبر تک مصر کے ساحلی سیاحتی مقام شرم الشیخ میں ہوگا۔
ڈاکٹر مریم بن لادن شامی پناہ گزینوں کے حقوق کی بھی علمبردارہیں، اس سے قبل انھوں نے شامی پناہ گزین بچّوں اوران کے مصائب کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے بھی پیراکی کا نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
انہوں نے 2015 میں یورپ سے ایشیا تک ترکی میں آبنائے ہیلیسپونٹ میں ساڑھے چار کلومیٹر طویل پیراکی کی تھی۔ وہ تیر کر یہ سفر مکمل کرنے والی پہلی عرب خاتون بن گئی تھیں۔