پہلی بار سلیکٹڈ کو جمہوری طریقے سے نکالا گیا، بلاول بھٹو

لاہور(اُمت نیوز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان سیاسی انتہاپسند ہیں، عمران خان ملک کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہیں پارلیمان نے جمہوری طریقے سے نکالاگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا وزیر خارجہ بن کر عاصمہ جہانگیر سے آج مل رہا ہوتا تو وہ پوچھ رہی ہوتیں کہ بلاول آپ ڈیل کر کے وزیر خارجہ تو نہیں بنے؟ تو میں کہتا ایسا نہیں ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ کو یہ بات پسند آئے نہ آئے وزیر اعظم کو ہٹانے کا ایک ہی طریقہ ہے اور وہ ہے عدم اعتماد۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم جماعتوں نے سیاسی قیمت تو ادا کی لیکن عوام کو مشکلات سے بچایا، جیسے ہی ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا تو تاریخی سیلاب نے عوام کو ایک اور مشکل میں ڈال دیا، گلگت بلتستان سے کے پی کے، جنوبی پنجاب اور سندھ تاریخی سیلاب سے متاثر ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ کے علاقے آج بھی سیلاب سے متاثر ہیں، سیلاب سے تینتیس ملین پاکستانی متاثر ہوئے ہیں، یہ تاریخی قدرتی آفت ہے، اسلام آباد میں سیاسی لڑائیاں چل رہی ہیں یہ تو چلتی رہے گی، سب کو مل کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنی چاہیے، موسمی تبدیلی کا بوجھ ہماری عوام اٹھا رہی ہے جو ناانصافی ہے ہمیں مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہے۔