واشنگٹن(امت نیوز) ایران میں مہسا امینی کی موت کے بعد ہونے والے ملک گیر مظاہروں کی حمایت میں ایرانی نژاد شہریوں سمیت ہزاروں افراد نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں مارچ کیا۔
مظاہرین نے نیشنل مال سے شروع ہونے والے مارچ میں ‘خواتین، زندگی، آزادی’ اور ‘ایران کے لیے انصاف’ جیسے نعرے لگائے۔
منتظمین میں سے ایک سماک آرام نے بتایا کہ ریلی کے اختتام تک لوگوں کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ ہوگئی۔
یہ واشنگٹن میں اس طرح کی پانچویں ریلی تھی، جو ایران میں خواتین کی زیرقیادت ہونے والے احتجاج سے اظہار یکجہتی کے طور پر نکالی گئی۔
ایران میں احتجاج چھٹے ہفتے میں داخل ہوچکا ہے۔ سماک آرام نے کہا ’’میں سمجھتا ہوں کہ یہ سب سے بڑا مارچ ہے۔ متعدد مظاہرین دوسرے شہروں سے آئے۔‘‘
ریلی میں شریک ایک نوجوان خاتون کے تھامے ہوئے پلے کارڈ کے ساتھ بالوں کی پٹی بھی تھی، اس پر لکھا تھا ’’ہمارے بال آپ کو ناراض کرسکتے ہیں لیکن ہمارے دماغ آپ کو ختم کریں گے۔‘‘