’’پُل اونچاضرور ہےمگر اتنابھی نہیں۔‘‘ متنازع مصری برج کےحیران کن حقائق

قاھرہ(امت نیوز) مصر میں ان دنوں ایک پل کی تصاویر اور ویڈیوز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر صارفین کو اپنی طرف متوجہ کررکھا ہے۔
تصاویر میں پل کی اونچائی پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں، جب کہ میڈیا پر کچھ تبصرہ نگاروں نے دعویٰ کیا کہ یہ پل انجینیرنگ کے اصولوں کے مطابق نہیں ہے۔
تاہم حقیقت یہ ہے کہ پل کی تصاویر قریبی زاویوں سے لی گئی تھیں اور پھر فوٹوشاپ پروگرام کے ذریعے ان میں ترامیم کی گئی تھیںِ جس کے بعد یہ بہت اونچا پل دکھائی دیتا ہے۔
حقیقت میں یہ ایک عام پل ہے جسے "سمیرا موسیٰ پل” کہا جاتا ہے۔ یہ پل فیلڈ مارشل طنطاوی سے موسوم سڑک پر تیار کیا گیا ہے جو 4 پلوں کا سنگم بھی ہے۔
انجینیر انور امین نے بتایا کہ اس پل کو رنگ روڈ کے متوازی ڈیزائن کیا گیا تھا۔ یہ ٹریفک کو جنوب کی سمت سے قاہرہ منتقل کرتا ہے۔ یہ پل روٹ نمبر ایک، روٹ نمبر تین، سویز روڈ اور مقطم کے علاقے کو ملاتا ہے۔
سمیرا موسیٰ پل 10 لین پر مشتمل ہے اور اس کی پوری اونچائی 27 میٹر ہے۔
دریں اثناء مصری وزیراعظم مصطفیٰ مدبولی نے تصدیق کی ہے کہ ان کی حکومت کے تیار کردہ اس منصوبے پرعمل درآمد کی رفتار پر تنقید کی جا رہی ہے جو کہ عجیب بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ سمیرا موسیٰ پل کے بارے میں جو کچھ سوشل میڈیا پر کہا گیا، وہ حقیقت کے برعکس ہے۔ جو کچھ نظر آتا ہے وہ غلط ہے اور "فوٹوشاپ” ٹیکنالوجی کے استعمال کا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پل اونچا ضرور ہے مگر جتنا کہ فوٹو شاپ کے ذریعے دکھایا گیا ہے، ایسا بھی نہیں۔