وفاقی وزیر نوید قمر کی برسلز میں اہم ملاقاتیں

برسلز(امت نیوز)پاکستان کے وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر ایک ہفتے کے دورے پر برسلز پہنچ گئے، اپنے دورے کے پہلے روز ہی انہوں نے کئی ملاقاتیں کیں۔
وفاقی وزیر نے پہلی ملاقات یورپین پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے بین الاقوامی تجارت کے چئیرمین ایم ای پی برانڈ لینیج سے کی۔
کمیٹی چیئرمین سے ملاقات میں سید نوید قمر نے اس بات پر زور دیا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے پاکستان کے یورپین یونین کے ساتھ کثیرالجہتی تعلقات کا کلیدی جز ہیں۔
اس حوالے سے جی ایس پی پلس ایک ایسا اقدام رہا جو نہ صرف باہمی طور پر فائدہ مند رہا بلکہ اس نے یورپین یونین کے ممبر ممالک ساتھ پاکستان کی دو طرفہ تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ معاشی استحکام اور ترقی موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات ہیں، خاص طور پر حالیہ سیلاب کے بعد جب یورپین یونین ان مقاصد کے حصول کیلئے پاکستان کا ایک بڑا شراکت دار ہے۔

سید نوید قمر نے اس بات پر زور دیا کہ جی ایس پی پلس دونوں فریقین کے درمیان باہمی فائدہ مند تعاون کیلئے ایک بہترین نمونہ ہے۔
اس حوالے سے اعدادو شمار پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2014 میں اس اسکیم کے آغاز کے بعد سے پاکستان کی یورپین یونین کو برآمدات میں 86 فیصد جبکہ یورپی یونین کی پاکستان کو برآمدات میں 69 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہرکی کہ نیا جی ایس پی پلس ریگولیشن، فائدہ اٹھانے والے ممالک میں پائیدار ترقی، غربت کے خاتمے اور گڈ گورنس میں معاونت کے اپنے مرکزی اصولوں پر توجہ مرکوز کرتا رہے گا۔
ملاقات میں INTA کمیٹی کے چیئرمین نے وزیر تجارت کا ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ۔
علاوہ ازیں وزیر تجارت سید نوید قمر نے بین الاقوامی تجارت کی کمیٹی میں ٹریڈ مانیٹرنگ گروپ برائے جنوبی ایشیاء کے نمائندے میکسملین کراہ ایم ای پی سے علیحدہ ملاقات کی اور انہیں یونین کے ساتھ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مضبوط بنانےکے طریقوں اور ذرائع سے آگاہ کیا ۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ یورپین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان اور دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔