اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے سپریم کورٹ کے باہر ایم این اے صالح محمد کی رہائی کیلیے احتجاج کیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اعظم سواتی، صالح محمد ، شہباز گل کیساتھ ہونے والے رویوں کی مذمت کرتے ہیں،منتخب نمائندے کی تضحیک پورے علاقے کی تضحیک ہوتی ہے،صالح محمد ہو یا اعظم سواتی یہاں پر اپنی آواز اٹھانے آتے ہیں،آئی جی اسلام آباد کا رویہ سب نے دیکھا ہے۔
ان کا کہناتھا کہ 25 مئی کو شہریوں کے ساتھ جو سلوک ہوا سب نے دیکھا ہے،ہائیکورٹ میں ایک درخواست دائر کرنے لگے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمرنے کہاکہ امید ہے ایک منتخب نمائندے کو عدالت سے انصاف ملے گا،ان کا کہناتھا کہ پارلیمان بے توقیر ہو چکی ہے ،ورکر لیول سے لے کر اوپر تک سب کو پکڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے،الیکشن کمیشن آئین و قانون کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔
اسد قیصر نے کہاکہ آئی پی یو اور انسانی حقوق کی تمام تنظیموں کو خط لکھوں گا،موجودہ اسپیکرکو خود صالح محمد کے معاملے پرایکشن لینا چاہیے تھا،صالح محمد کے واقعہ سے پوری پارلیمان کی بے توقیری ہوئی ہے۔