اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے لیے بجلی 4 روپے 70 پیسے فی یونٹ سستی کر دی۔
نیپرا حکام کے مطابق کے الیکٹرک کے لیے بجلی سستی کرنے کے فیصلے کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہو گا اور بجلی سستی ہونے سے کراچی کے صارفین کو 7 ارب 84 کروڑ سے زائد کا ریلیف ملے گا۔بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا جائے گا۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ستمبر میں کے الیکٹرک نے اپنے ذرائع سے مہنگی بجلی کیوں پیدا کی؟ کے الیکٹرک نے اپنے ذرائع سے 3 گنا مہنگی بجلی پیدا کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے اپنے ذرائع سے 37 روپے 74 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی جبکہ کے الیکٹرک نے بیرونی ذرائع سے 13 روپے 12 پیسے فی یونٹ میں بجلی خریدی۔