مریم کا رانا ثناء سے رابطہ،پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے کی ہدایت

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے کی ہدایت کردی گئی ہے تفصیلات کے مطابق مریم نواز اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔

رابطے کے دوران مریم نواز نے رانا ثناء اللہ کو پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی طریقے مارچ کو روکا جائے لوگ جمع ہو گئے تو عوامی سمندر کو روکنا مشکل ہو گا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ راناثناء اللہ نے کہا کہ بے فکر رہیں مجھے پتہ ہے مارچ کیسے روکنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں تین پرتوں کی سکیورٹی لگوائی جائیگی جبکہ وفاق نے انسپکٹر جنرل اور چیف سیکرٹری پنجاب سے بھی رپورٹس منگوائی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسپکٹر جنرل اور چیف سیکرٹری وفاق کے نمائندے ہیں ان کو بھی ہدایات جاری کر رہے ہیں۔

دوسری جانب حکومتی اتحاد میں شامل 3 جماعتوں اور آزاد رکن قومی اسمبلی نے حکومت کو پی ٹی آئی سے دوبارہ مذاکرات کا مشورہ دے دیا  ہے جبکہ مشورہ دینےوالوں میں متحدہ قومی موومنٹ،بلوچستان عوامی پارٹی و جمہوری وطن پارٹی شامل ہیں۔

اتحادیوں نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ حکومت فوری طور پر پی ٹی آئی کی قیادت سے رجوع کرے اور معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرے تاہم بے یقینی کی صورتحال سے نکلنے کے لیے الیکشن 2 یا 4 ماہ قبل ازوقت کروانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ مشورے کے مطابق یہ وقت سیاست کو بچانے کا نہیں ریاست کو بچانے کا ہے۔

اتحادیوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر لانگ مارچ ہوا تو معیشت اور ملک کا بہت نقصان ہوگا اور عوام اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد کرے گی۔

حکومتی اتحادیوں کی تحفظات اور خدشات پر حکومت نے پی ٹی آئی سے دوبارہ بیک ڈور مذکرات کا فیصلہ کیا ہے تاہم لانگ مارچ سے قبل حکومتی ٹیم پی ٹی آئی کی قیادت سے بیک ڈور مذکرات کے کیے رابطہ کرے گی۔