27 اکتوبریوم سیاہ کشمیر کےموقع پر وزیراعظم شہبازشریف کا پیغام

اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے 27 اکتوبریوم سیاہ کشمیر کےموقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج بوجھل دل کے ساتھ ہم کشمیر کے حوالے سے ایک اور یوم سیاہ منارہے ہیں،27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں اپنی فوجیں غیرقانونی طور پر اتاردی تھیں، بھارت تب سے اس علاقے پر زبردستی اورغیرقانونی طور پر قبضہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ سے زیادہ مسلح فوجی تعینات کر رکھے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں تشدد، غیرقانونی نظربندیاں اور کالے قوانین بھارت کے ظالمانہ قبضے کی حقیقت کی نشاندہی کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت کو غیرقانونی طور پرختم کیا گیا، 5 اگست کے بھارتی یکطرفہ اقدام سے مقبوضہ کشمیر میں صورتحال مزید خراب ہوگئی، گزشتہ 3 سالوں میں بھارتی قابض افواج نے تقریباً 690 بے گناہ کشمیریوں کا ماورائےعدالت قتل کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ممتاز حریت رہنما غیرقانونی طور پر زیرحراست یا گھروں میں نظر بند ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کیلئے قابل مذمت اقدامات کر رہا ہے، مشکلات کے باوجود بہادر کشمیری بے مثال قربانیاں دے کر بھارتی جارحیت کامقابلہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کے حوالے سے پاکستان اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، پاکستان نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کے خلاف مسلسل آواز اٹھائی ہے، پاکستان عالمی برادری پر مسلسل زوردیتا رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر اپنا کردار ادا کرے، جموں و کشمیر کے تنازع کا واحد حل سلامتی کونسل کی قراردادوں میں مضمر ہے۔

وزیر اعظم نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہمارا سب سے بڑا اثاثہ اس بنیادی مسئلے پر قومی اتفاق رائے ہے، ہمارے پیارے قائد نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا، چاہے کوئی بھی قیمت کیوں نہ ادا کرنا پڑے۔