انقرہ(امت نیوز) معروف برطانوی موسیقار وگلوکار یوسف اسلام ان دنوں ترکی میں اپنے فن کا مظاہرہ کررہے ہیں، گزشتہ روز انہوں نے ترک صدر رجب طیب ایردوان کے لیے خصوصی محفل سجائی۔
یوسف اسلام نے 1960 اور 1970 کی دہائیوں میں کیٹ اسٹیونز کے نام سے اپنے البمز کے ساتھ دھاک بٹھائی تھی، انہوں نے 1977 میں اسلام قبول کرلیا اور ان کا نیا نام "یوسف اسلام” رکھا گیا۔ انہوں نے ترکی کے دارالحکومت انقرہ کے بیش تپے کنونشن اینڈ کلچرل سینٹر میں خصوصی کانسرٹ کیا۔
اس کانسرٹ کو صدر رجب طیب ایردوان اور ان کی اہلیہ ایمن ایردوان، نائب صدر فوات اوکتائے، صدارتی کابینہ کے ارکان، یوسف اسلام کی اہلیہ فوزیہ مبارک علی اور ان کے بیٹے محمد اسلام نے بھی دیکھا۔
برطانوی موسیقار نے اپنے گانوں کے دوران مہمانوں سے بھی گفتگو کی۔
کانسرٹ میں اپنے کئی ناقابل فراموش فن پارے پیش کرنے والے برطانوی موسیقار یوسف اسلام ایک گھنٹے سے زائد اسٹیج پر موجود رہے۔
انہوں نے کانسرٹ کے اختتام پر صدر ایردوان کو گٹار کا تحفہ دیا۔
ایمن ایردوان نے سماجی رابطوں کے پیج پر اپنے پیغام میں ممتاز موسیقار یوسف اسلام اور ان کے اہل خانہ کی ترکیہ میں میزبانی پر اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے موسیقی کی کائناتی زبان کی عکاسی کرنے والے فن پاروں کے ساتھ ہمارے دلوں کو چھوا، خاص کر ہمارے عوامی شاعر یونس ایمرے کے حوالے سے تیار کردہ دھنوں کو سن کر ہم دنگ رہ گئے۔
یوسف اسلام نے صدر ایردوان کی قیام امن کی کوششوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی حمایت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
برطانوی مسلمانوں کی غیرمعمولی فراخدلانہ مدد اور برطانیہ میں کیمبرج مسجد کی تعمیر کے لیے صدر ایردوان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یوسف اسلام نے کہا ’’میں یوکرین اور روس کے درمیان رکاوٹیں دور کرنے میں آپ کے شاندار کام کو سراہتا ہوں۔ میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ اپنے وطن قبرص کے لیے بھی پرامن حل تلاش کرنے سے دستبردار نہ ہوں۔ مجھے امید ہے کہ آپ مقدس سرزمین پر ہر کسی کے امن و امان کے ماحول میں زندگی بسر کر سکنے کے لیے فلسطین کی آزادی کیلئے جدوجہد کو بھی جاری رکھیں گے۔‘‘