سڈنی: ٹی20 ورلڈکپ میں سپر 12 مرحلے کے دسویں میچ میں جنوبی افریقہ نے بنگال ٹائیگرز کو 104 رنز سے عبرتناک شکست دیدی۔
سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، پروٹیزنے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان 205 رنزبنائے تھے۔
جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا بووما محض 2 رن بناکر وکٹ گنوابیٹھے تاہم کوئنٹن ڈی کاک اور ریلی روسو نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، دوسری وکٹ پر163 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، ڈی کوک 38 گیندوں پر 67 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ روسو نے ایونٹ کی پہلی سنچری اسکور کی، انکی اننگز میں 7 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔
دیگر بیٹرز میں ٹرسٹن اسٹبس 7، ایڈن مارکرم 10 رنزبناکرنمایاں رہے، بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان شکیب الحسن نے 2 جبکہ تسکین احمد، حسن محمود اورعفیف حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرزکا آغاز مایوس کن رہا اور پوری ٹیم محض 17 ویں اوور میں 101 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔ بنگلہ دیش کیلئے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے اوپنر نجم الحسن 9، سومیا سرکار 15 رنز بنائے۔ کپتان شکیب الحسن اور عفیف حسین ایک ایک، مہدی حسن میراز 11 اورنورالحسن 2 رنز بناکر نمایاں رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن داس واحد بلےباز تھے جنہوں نے 30 سے زائد رنزبنائیے۔ پروٹیز کی جانب سے اینریچ نورٹجے نے 4، تبریز شمسی 2 جبکہ کیشو مہاراج ایک وکٹ حاصل کرسکے۔