اسلام آباد: وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایچ نائن اور جی نائن میں جلسے کی درخواست دی ہے، اجازت سے پہلے ان کے ارادوں کے بارے میں بھی اندازہ لگائیں گے، دیکھیں گے کہ یہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے احکامات کے تحت رہیں۔
انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پرامن اور آئین کے تحت جلسے کی اجازت دو روز قبل دیں گے، اگر تحریک انصاف نے ضروری تقاضے پورے کیے تو اجازت دیں گے۔
رانا ثناء نے مزید کہا کہ کسی قیمت پر مارچ کو ریڈ زون میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو بھی بلایا جائے گا، پرامن نہ ہونے پر مارچ کو اسلام آباد میں داخلے کے تمام راستوں پر روکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نفرت اور قوم کو تقسیم کرنے کی سیاست کررہا ہے، 25 مئی کو یہ لوگ خونی مارچ لیکر آئے جس میں ناکام ہوئے، اُس لانگ مارچ کے بارے میں کہا گیا کہ 25 لاکھ لوگ آئیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان جس قسم کی تقاریرکررہے ہیں وہ منفی پروپیگنڈا کررہے ہیں، وہ قوم کے نوجوانوں کو گمراہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فسادی مارچ کی بنیاد رکھی جا رہی ہے، اب دوبارہ آنے کے لیے جو تقاریرکررہا ہے وہ بد بختی کی علامت ہے۔