پرتھ (امت نیوز)پاکستا ن کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ بیٹنگ لائن کے لڑکھڑا جانے کی وجہ سے پاکستان کو زمبابوے کیخلاف میچ میں شکست ہوئی، پاکستان نے اس طرح کرکٹ نہیں کھیلی جیسی اسے کھیلنی چاہیے ۔
پرتھ میں پاکستان کی ایک رن سے شکست کے بعد پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم نے کہا کہ بطور کپتان یہ ان کیلئے کافی مایوس کن دن ہے کیوں کہ کسی نے یہ نہیں سوچا تھا کہ پاکستان یہ میچ ہار جائے گا، انہوں نے کہا کہ وہ مانتے ہیں کہ ٹیم اس طرح نہیں کھیلی جیسے اسے کھیلنا چاہیے تھا، پاکستان ٹیم جیسی آج نظر آئی وہ اس سے کافی بہتر ہے۔
ایک سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ بیٹنگ لائن کے لڑکھڑا جانے کی وجہ سے پاکستان ٹیم کو میچ میں شکست ہوئی تاہم ان کا یہ بھی ماننا تھا کہ پاکستان نے کھیل کے تینوں شعبوں میں اچھا نہیں کھیلا۔
پاکستان کے کپتان نے کہا کہ ابتداء میں پاکستان نے بولنگ نہیں کی خاص طور پر شروع کے چھ اوورز میں ایسی بولنگ نہیں ہوسکی جیسی ہونی چاہیے تھی مگر بعد میں کم بیک کرتے ہوئے زمبابوے کو کم اسکور پر روک لیا لیکن پھر بیٹنگ اچھا نہ کرسکی ۔
ان کا کہنا تھا کہ جب وہ اور رضوان آوٹ ہوئے تو اس کے بعد شاداب اور شان نے میچ کو آگے بڑھایا مگر اس کے بعد جب شاداب آوٹ ہوئے تو پھر بیٹنگ لائن اس کے بعد نہ چل سکی اور پاکستان ناکام ہوگیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اب بھی ٹورنامنٹ میں کم بیک کرے گا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ اگلے تین میچز میں نہ صرف اچھا کھیلیں بلکہ اپنے نیٹ رن ریٹ کو بھی بہتر کرنے کی کوشش کریں تاکہ سیمی فائنل تک کی دوڑ میں برقرار رہ سکیں۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گروپ ٹو کے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے شکست دے دی۔
131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 129 رنز بناسکی۔