لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ لانگ مارچ ناکام ہوا تو قوم ناکام ہو گی۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن سینئر صحافی ارشد شریف کے نام ہے اور گزشتہ روز ایک بزرگ صحافی کو بھی گرفتارکیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹراعظم سواتی پرتشدد کیا گیا اورملک میں ایسا تماشہ بنا ہوا ہے جو پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ اگر نظام کو بدلنا چاہتے ہوتوگھرسے نکلو ورنہ بچوں کی زندگیاں بھی سڑے نظام میں گزریں گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بند کمروں کے فیصلے کو مسترد کرنا چاہیے اور اگر یہ مارچ ناکام ہو گا تو قوم ناکام ہو گی لیکن اگر مارچ کامیاب ہوا تو عوام کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایجنڈے کے تحت پاکستان کو کمزورکرنے کی سازش ہو رہی ہے اور پی ٹی آئی پرفیکٹ جماعت نہیں ہم میں بھی کمزوریاں ہوں گی۔ جس نے سیاسی خودکشی کرنی ہے وہ طبقہ پی ٹی آئی کو چھوڑ سکتا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پوری پارٹی عمران خان کے ساتھ ہے اور مزید لوگ عمران خان کے ساتھ جڑ رہے ہیں۔ آج وزیر اعظم کے فوکل پرسن مستعفی ہوئے ہیں اور مزید لوگ اب ن لیگ سے چھوڑ کر آرہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ درخواست میں لکھا 4 نومبرسے دھرنوں اور جلسوں کا سلسلہ شروع ہو گا اور درخواست میں کہا ہے کہ آئین ہمیں جلسوں کی اجازت دیتا ہے۔ چاہے الٹے لٹک جائیں کچھ کر لیں ووٹ عمران خان کا ہے۔